لوڈ شیڈنگ نے ماضی کے ریکارڈ توڑ دیئے ، جھنگ کے تاجر ، شہری سراپا احتجاج

لوڈ شیڈنگ نے ماضی کے ریکارڈ توڑ دیئے ، جھنگ کے تاجر ، شہری سراپا احتجاج

معمولات زندگی درہم برہم ، کاروبار تباہ ،امتحانات شروع ہونے والے ہیں،لاکھوں طلبا کامستقبل دائوپرلگ گیا، صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور جھنگ کے ارکان اسمبلی کی پر اسرار خاموشی بھی انتہائی تشویش ناک،تاجربرادری

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ میں عید کے بعد سے شدید گرمی اور سخت حبس کے باوجود بجلی کی بدترین و طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور انٹر میڈیٹ کے بعد29 جولائی بروزجمعرات سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیر اہتمام شروع ہونیوالا میٹرک کا سالانہ امتحان دینے والے لاکھوں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا جس کے ساتھ ساتھ کاروبا زندگی درہم برہم اور معمولات زندگی کی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئی ہیں مگراس کے باوجود شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور ضلعی انتظامی افسروں سمیت ارکان اسمبلی نے بھی پر اسرار چپ سادھ لی جس نے شہریوں کو احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کردیا ہے ۔انجمن تاجران جھنگ، سمال چیمبرز اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن، بزنس کمیونٹی اور دیگر کمرشل و گھریلو صارفین نے جھنگ میں بالعموم اور ریل بازار فیڈر فیسکو سول لائنز سب ڈویژن جھنگ صدر کے دیگر علاقوں میں باا لخصوص بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا عید کے بعد سے سخت گرمی و حبس کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں ہوشربااضافہ کردیا گیا ہے جس سے معمولات زندگی درہم برہم اور کاروبار تباہ ہوکر رہ گئے ہیں۔ اس صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور جھنگ کے ارکان اسمبلی کی پر اسرار خاموشی بھی انتہائی تشویش ناک ہے ۔ انہوں نے کہا اگر صورتحال کا فوری تدارک اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو تاجر بھی عوام کے ساتھ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے جس کے بعد حالات کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں