گندم ، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ، محکمہ خوراک ذخیرہ اندوزوں کو لگام ڈالنے میں ناکام

گندم ، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ، محکمہ خوراک ذخیرہ اندوزوں کو لگام ڈالنے میں ناکام

عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال ہوگیا،اقدامات کئے جارہے ہیں ، کسی کو ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی:ریاض انجم

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں محکمہ خوراک حکام ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو لگام ڈالنے میں ناکام ۔ اوپن مارکیٹوں میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کی وجہ سے عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال ہو گیا۔ مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2400 روپے فی من، چکی پر فروخت ہونے والے دیسی آٹے کی قیمت 80 روپے فی کلو گرام اور 20 کلو گرام آٹے کی قیمت 1400 روپے تک جا پہنچی ہے ۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے محکمہ خوراک حکام اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے اقدامات نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتے ہیں۔ محکمہ خوراک کے افسر اور ملازمین کارروائیوں کے بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرکے خاموش اختیار کئے ہوئے ہیں ،شہریوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسروں اور ملازمین سے مطالبہ کیا گیا کہ اوپن مارکیٹوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف حقیقی معنوں میں اقدام اٹھاتے ہوئے مارکیٹوں میں سستے آٹے اور گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔اس معاملے پر ڈپٹی کمشنر آفس کے ایڈمن آفیسر ریاض انجم کہتے ہیں کہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور کسی کو ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں