ڈپٹی کمشنر کا شہر کا دورہ ، نکاسی آ ب کی صورتحال کو چیک کیا
شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا احساس ہے :محمد علی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے شہر کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب کے کاموں کا معائنہ اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد علی نے افغان آباد کی مختلف گلیوں میں نکاسی آب کے لئے مشینری وافرادی قوت کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے واسا افسروں کو تیز رفتار اقدامات کی تاکید کی۔انہوں نے موقع پر موجود علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ نکاسی آب سے متعلقہ شکایات کودور کرایا جارہا ہے جس کیلئے واسا ٹیمیں دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو آمدورفت کے حوالے سے درپیش مشکلات کا شدید احساس ہے اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔