نجی کالونیوں کو غیر قانونی متبادل بجلی نظام دینے کا انکشاف
غیرمنظور شدہ کالونیوں کے کنکشن کاٹنے کے بجائے ٹرالی ٹرانسفارمرز پہنچا دئیے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیسکو حکام کی جانب سے نجی ہائوسنگ کالونیوں کو غیر قانونی طور پر متبادل بجلی کا نظام مہیا کرنے کا انکشاف، پہلے سے ہی غیرمنظور شدہ اور غیر قانونی قرار دی جانیوالی کالونیوں میں واپڈا کنکشن کاٹنے کے بجائے فیسکو حکام کی جانب سے غیر قانونی طور پر نصب میٹرز کو چلانے کیلئے متبادل ٹرالی ٹرانسفارمرز بھی پہنچادیئے گئے جبکہ دیگر علاقوں میں شہری بجلی بندش کے باعث بلبلا اٹھے ، واپڈا حکام عام شہریوں کے ٹیلی فونز بھی سننے سے گریزاں،بااثر افراد کو بھاری معاوضے لیکر نوازا جانے لگا۔ فیصل آباد میں ساڑھے 3 سو کے قریب ہائوسنگ کالونیاں غیر قانونی ہیں اور ان کالونی مالکان نے این او سی و اجازت کے بغیر ہی فیسکو حکام کی ملی بھگت سے سرکاری بجلی لگوارکھی ہے جو قانونی کارروائیوں کے باوجود فیسکو حکام کنکشن منقطع کرنے سے گریزاں ہیں اور اب ان غیر قانونی طور پر بنائی جانیوالی بااثر افراد کی کالونیوں میں نصب بجلی کنکشنز کو لوڈشیڈنگ کے دوران چلانے کیلئے فیسکو حکام کی جانب سے ٹرانسفارمر ٹرالیاں بھی ان کالونیوں میں پہنچادی گئی ہیں جبکہ انکے برعکس دیگر پورے فیسکو ڈویژن میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور اس لوڈشیڈنگ کے دوران اگر شہری شکایات کیلئے کالز کریں تو فیسکو شکایات سنٹر ز پر کال ہی ریسیو نہیں کی جاتی اور اگر شکایت درج کربھی لی جائے تو ٹرانسفر ٹرالی مہیا نہیں کی جاتی جس پر شہری فیسکو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔