منافع خوروں نے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کردی ، 110 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی
انتظامیہ سرکاری ریٹ پر چینی نہیں پہنچا رہی تو کیسے کم قیمت پر فروخت کریں ،دکاندار ،اشیا مہنگی خریدنے پر مجبور :شہری
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ سرکاری ریٹ پر چینی کی رسد میں ناکام ، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 100 روپے سے تجاوز کرگئی ، فیصل آباد میں ایک بار پھر سے چینی بحران کا خدشہ منڈلانے لگا ، ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں چینی ڈیلرز نے دوبارہ منافع خوری کے لئے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کردی ہے ، موسم گرما میں مشروبات میں چینی کا استعمال عام روٹین سے زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے چینی کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے ، ذرائع کے مطابق چینی سرکاری ریٹ سے 20 روپے کلو زیادہ میں فروخت ہورہی ہے ، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت تقریبا 105 سے 110 روپے وصول کی جاتی ہے جو اب معمول بن چکا ہے ، دکانداروں کے مطابق سرکاری ریٹ پر چینی کی رسد ہی نہیں ملتی تو فروخت کیسے کریں حکومت سرکاری قیمت پر چینی فروخت کروانا چاہتی ہے تو سرکاری ریٹ پر چینی فراہم بھی کرے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے حکومتی اور انتظامی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے چینی ہو یا پھر دیگر اشیائے خورونوش سب ہی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ۔