لائیو سٹاک حکام اور ملازمین کی غفلت ، مضر صحت گوشت کی فروخت

لائیو سٹاک حکام اور ملازمین کی غفلت ، مضر صحت گوشت کی فروخت

بااثر قصابوں نے نذرانے دیکر جانوروں کا طبی معائنہ کرانے کی بجائے جعلی مہریں بنا لیں ، شہری بیمار ہونے لگے

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں محکمہ لائیو سٹاک حکام اور ملازمین کی غفلت کے باعث شہر بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی فروخت کا مکروہ دھندہ تیزی سے عروج پکڑنے لگا۔ بااثر قصابوں کی جانب سے سلاٹر ہاؤس میں جانوروں کو ذبح کرنے سے قبل طبی معائنہ کروانے کی بجائے مبینہ طور پر نذرانوں کی ادائیگی کرتے ہوئے بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کرنے کے بعد ان کا مضر صحت اور غیر معیاری گوشت مارکیٹوں میں فروخت کیا جانے لگا ہے ۔ مارکیٹ میں غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی فروخت کی وجہ سے شہری بیماریوں کا شکار بننے لگے ہیں۔ اس کے باوجود حکام غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی فروخت کو روکنے میں ناکامی کا شکار ہیں۔ فیصل آباد میں محکمہ لائیو سٹاک حکام کی غفلت اور لاپرواہی شہریوں کے لیے بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ لائیوسٹاک حکام کے زیر انتظام چلنے والا نڑوالا روڈ پر واقع شہر کا واحد سلاٹر ہاؤس بدانتظامی کا شکار ہے ۔ بااثر قصابوں کی جانب سے اپنے جانوروں کو سلاٹرہاؤس میں لاکر ذبح کرنے کی بجائے مبینہ طور پر اپنے نجی سلاٹر ہاؤسز اور گھروں میں اپنے بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔ بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے حاصل ہونے والا مضر صحت اور ناقص گوشت کو بغیر کسی میڈیکل ٹیسٹ کے ہی دکانوں پر فروخت کے لئے رکھ دیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر قصابوں کی جانب سے بھاری نذرانوں کی ادائیگی کرتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک حکام اور ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے جعلی مہریں بنا کر اپنے پاس رکھی گئی ہیں اور جعلی مہر لگا کر گوشت کو فروخت کے لئے دکانوں پر رکھ دیا جاتا ہے ۔ اور شہری لاعلمی میں مارکیٹوں میں فروخت ہونے والے غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کے استعمال سے پیٹ ہیضہ اور دیگر موذی بیماریوں کا شکار بننے لگے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں