انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 8 وینٹی لیٹر خراب

انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 8 وینٹی لیٹر خراب

آ ئی سی یو کے 14 میں سے 8 وینٹی لیٹر خراب ہونے سے مریضوں کو مشکلات ،ہسپتال انتظامیہ خاموش تماشائی ، پرائیویٹ ہسپتالوں کو نوازنے کا انکشاف ، شہری لٹنے لگے

فیصل آباد(شہروز عباد )فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے گئے مریض انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش کا شکار ہونے لگے ہسپتال کے آئی سی یو کے 14وینٹی لیٹرز میں سے خرا ب ہو چکے ہیں اور تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے گئے مریضوں کو بروقت وینٹی لیٹرز کی سہولیت میسر نہ آنے کے باعث ان کی زندگیاں داؤ پر لگنے لگیں۔ جب کہ انتظامیہ خرابی ٹھیک کرانے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ناصرف فیصل آباد بلکہ اس سے ملحقہ دیگر اضلاع اور تحصیلوں کے ہزاروں مریض روزانہ کی بنیاد پر علاج معالجے کے لیے ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔ لیکن فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ کئی ہفتے سے خرابی کے شکار وینٹی لیٹر ز مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے ذہنی اذیت اور مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز انتظامیہ اور پیرا میڈیکل سٹاف کے آپس کے تضادات کی وجہ سے ہسپتال میں سہولیات کو بہتر بنانے کی بجائے مریضوں کو خوارکیا جارہا ہے ۔ ذرائع سے اس بات کا بھی انکشاف سامنے آیا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پرائیویٹ ہسپتالوں کو نوازنے کے لیے مبینہ طور پر جان بوجھ کر فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے وینٹی لیٹرز کی مرمت کا کام نہیں کروایا جا رہا۔تاکہ سرکاری سطح پر وینٹی لیٹر میسر نہ آنے کی وجہ سے شہری مجبوری میں پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کریں اور ایسی صورتحال میں پرائیویٹ ہسپتالوں میں شہری بھاری فیسیں ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خرابی کا شکار بنے وینٹی لیٹرز کی فوری طور پر مرمت کرائی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں