چلڈرن ہسپتا ل فیز ٹو کیلئے 6ارب کا بجٹ درکار:حبیب بٹر
این ٹی کا شعبہ نہ ہونے اور ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ہسپتال میں بچوں کے ڈائلسز کی چار مشینیں کام کر رہی ہیں،دنیانیوزکوانٹرویو
فیصل آباد (انٹرویو+ نعیم قیصر) چلڈرن ہسپتال میں تمام شعبوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں ہسپتال سنٹرل پنجاب کے والدین کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر نے دنیا نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا چلڈرن ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی 50 فیصد سیٹیں خالی ہونے کے باوجود ٹرینیز کی مدد سے مریض بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔ ہسپتال میں صحت افزا ماحول کے لئے اب تک چار ہزار پودے لگا چکے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار لگائے جا رہے ہیں ہسپتال کے فیز ٹو کا پی سی ون مکمل کرکے بھیج دیا ،فیز ٹو کی تعمیر کے لئے 6 ارب روپے کا بجٹ درکار ہے ۔ جس میں ہسپتال میں مزید 900 بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا اس کے علاوہ ڈاکٹرزکے رہائشی ہاسٹل ، کالونی اور سروسز بلاک بنائے جائینگے اور نرسنگ سکول اور مریضوں کو ایم آر ائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ ڈاکٹرحبیب بٹر نے بتایا ہسپتال میں چھوٹے بچوں کے ڈائلسز کی چار مشینیں کام کر رہی ہیں ۔ مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا این ٹی کا شعبہ نہ ہونے اور ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے تاہم وہ نئے ڈاکٹرز کو بھرتی کررہے ہیں اور پوسٹ گریجوایٹ ٹرینیز کی مدد سے بچوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں۔