پارکنگ کمپنی کے عہدے خالی، انتظامی امور متاثر ہو نے لگے
منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر آپریشنز کی سیٹ عرصہ سے خالی ، عملہ بے یارومددگار
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کی پارکنگ کمپنی کے اہم انتظامی عہدے خالی ہونے سے کمپنی کے امور بری طرح متاثر ہونے لگے ، انتظامی سٹاف کی تبدیلی سے شہر میں کمپنی کے نمائندے اپنی من مرضیاں کرنے لگے ، فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر آپریشنز کی سیٹ عرصہ سے خالی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ سیٹوں پر تعیناتی نہ ہونے سے نہ صرف کمپنی کے انٹرنل امور متاثر ہورہے ہیں بلکہ کمپنی کے شہر میں قائم پوائنٹس پر عملہ بھی بے یارومددگار اور بے لگام ہوچکا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے تبادلہ کے بعد مینجنگ ڈائریکٹر کا قائمقام چارج اے ڈی سی ایف اینڈ پی عفیفہ شاجیعہ کو سونپا گیا ہے تاہم کمپنی کے اپنے ایم ڈی نہ ہونے سے مسائل سامنے آرہے ہیں۔