حکام کی غفلت، واسا کی کروڑ‌وں کی مشینری تباہ

حکام کی غفلت، واسا کی کروڑ‌وں کی مشینری تباہ

ناولٹی پُل واسا آفس میں سامان پڑا ہے کئی سال بعد بھی مشینری کی حفاظت کیلئے شیڈ قائم نہہوئے، زنگ لگ گیا ،مرمت بھی ناممکن ہو گئی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں محکمہ واسا حکام کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اور دیگر قیمتی سامان کُھلے آسمان تلے پڑا پڑا زنگ آلود ہوکر تباہی کا شکار بن گیا۔لیکن کئی سال گزرنے کے بعد بھی سامان اور مشینری کی حفاظت کیلئے شیڈ قائم نہ کئے جاسکے ۔ فیصل آباد میں ناولٹی پُل واسا آفس میں گزشتہ کئی سال سے کُھلے آسمان تلے پڑی کروڑوں روپے مالیت کی ہیوی مشینری، گاڑیاں، کنٹینر اور دیگر قیمتی سامان زنگ آلود ہوکر تباہی کا شکار بن گیا۔ مگر محکمانہ غفلت کے باعث اس سامان اور مشینری کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی چھت کی تعمیر نہ کروائی جاسکی۔ موسمی اثرات کو جھیلتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا بیشتر سامان تو استعمال اور مرمت کے قابل بھی نہیں رہا۔شہری کہتے ہیں کہ ایک طرف تو محکمہ واسا شہریوں کو پینے کے صاف پانی اور بہتر سیوریج سسٹم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی میں ناکامی کا شکار ہے تو دوسری جانب عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدا گیا سامان اور مشینری بھی محکمانہ غفلت کی بھینٹ چڑھ گئی ہے ۔معاملے پر وائس چیئرمین محکمہ واسا شیخ شاہد جاوید کہتے ہیں کہ محکمہ واسا کے سرکاری سامان کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا رہا ہے البتہ جلد صورتحال بہتر بنادی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں