ًمحکمہ انہار کی سرکاری رہائش گاہوں پر ریٹائرڈافسروں کا قبضہ برقرار

ًمحکمہ انہار کی سرکاری رہائش گاہوں پر ریٹائرڈافسروں کا قبضہ برقرار

متعدد بار کار روائی کرنے کے حوالے سے فہرستیں ترتیب دی گئیں ،عملی اقدامات کی بجائے صرف کاغذی کارروائیاں

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محکمہ انہار کے افسران کے لئے بنائی گئی سرکاری رہائش گاہوں پر قابض ریٹائرڈ اور بااثر افسروں کا قبضہ تاحال ختم نہ کروایا جا سکا۔ گزشتہ کئی سال سے محکمہ انہار کے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر قابض ریٹائرڈ افسران کے خلاف متعدد بار کار روائی کرنے کے حوالے سے فہرستیں ترتیب دی گئیں لیکن عملی اقدامات کی بجائے صرف کاغذی کارر وائیاں کرنے تک اکتفا کیا گیا۔ جبکہ سرکاری رہائشیں میسر نہ آنے پر آن ڈیوٹی افسران کرائے کے گھروں میں رہائش اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ فیصل آباد کے محکمہ انہار آفس میں تعینات اعلیٰ افسروں کی رہائش کے لیے بلال روڈ، چناب کلب روڈ، اور سول اسپتال روڈ سمیت مختلف مقامات پر کئی کئی کنال اراضی پرمحیط سرکاری رہائشیں قائم کی گئی ہیں۔ لیکن محکمہ انہار کی موجودہ اور ڈیوٹی افسروں اور اعلیٰ حکام کی غفلت اور مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے عرصہ دراز سے ریٹائر ہونے والے افسران اور بااثر ملازمین سرکاری رہائشوں پر قابض ہیں۔ جس کی وجہ سے آن ڈیوٹی افسران کو رہائش اختیار کرنے کے لیے کرائے کے گھر لینا پڑتے ہیں۔ جس سے ایک طرف تو آن ڈیوٹی افسران کو پرائیویٹ طور پر کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے جب کہ ان کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے ۔ سرکاری رہائشوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے میرٹ لسٹ میں آنے والے افسران کا کہنا ہے کہ حکام فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے عرصہ دراز سے قابض ریٹائرڈ افسران اور بااثر ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان سے سرکاری رہائشیں خالی کروائی جا سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں