اینٹی کرپشن کا ریجنل دفتر ذاتی سرکاری بلڈنگ سے محروم ، لڑائی جھگڑے معمول

اینٹی کرپشن کا ریجنل دفتر ذاتی سرکاری بلڈنگ سے محروم ، لڑائی جھگڑے معمول

دوسرے دفاتر کیلئے پریشانی کا سبب ،خودساختہ سکیورٹی سخت ،مختلف جگہوں کا تعین کرکے تجویز بھیجی جو صوبائی سطح پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں زیر غور ہے:ریجنل ڈائریکٹر واحد ارجمند ضیا

فیصل آباد(صغیرسانول سے )ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیمبلشمنٹ فیصل آباد اپنے قیام سے لیکر آج تک اپنی ذاتی سرکاری بلڈنگ سے محروم ہے ۔ کمشنر کمپلیکس کے عقب میں قائم بلڈنگ میں بنا اینٹی کرپشن دفتر اسی عمارت میں موجود دوسرے دفاتر کیلئے شدید پریشانی کا سبب بن گیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں اینٹی کرپشن کا ریجنل دفتر ڈویژنل کمشنر کمپلیکس میں واقع سرکاری عمارت میں موجود ہے جہاں پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ لائیو سٹاک اور ڈائریکٹر کالجز کے دفاتر بھی بالائی منازل پر قائم ہیں جبکہ گرائونڈ فلور پر اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے قبضہ جمارکھا ہے اور پورے فلور میں اسی کے دفاتر قائم ہیں، اس بلڈنگ کے مرکزی دروازے پر اینٹی کرپشن کی جانب سے خودساختہ طور پر سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور ہر آنیوالے شخص خواہ وہ سرکاری ملازم ہو یا پرائیویٹ سائل ہو ہر شخص سے موبائل گیٹ پر ہی جمع کروانے کی بابت اصرار کیا جاتا ہے جسکی وجہ سے اکثر لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں ،دوسری جانب اینٹی کرپشن ریجنل دفتر کے زیر انتظام جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے سرکل دفاتر بھی کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں ریجنل ڈائریکٹر واحد ارجمند ضیا کا موقف ہے کہ مختلف جگہوں کا تعین کرکے تجویز بھیجی ہے جو صوبائی سطح پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں زیر غور ہے ، نئی جگہ پر نیا دفتر بنانے کے بجائے کوئی خالی سرکاری عمارت مل جائے تو وہاں پر دفتر منتقل کرلیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں