محکمہ خوراک فیصل آباد کوٹہ دینے سے انکار : گندم، آٹے کی قلت کا خدشہ

محکمہ خوراک فیصل آباد کوٹہ دینے سے انکار : گندم، آٹے کی قلت کا خدشہ

محکمہ خوراک حکام کی جانب سے بے بنیاد جو از سامنے رکھتے ہوئے استحصال کیا جارہا ہے :جنرل سیکرٹری آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن

فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ خوراک حکام کی جانب سے فلورملز اور آٹا چکی مالکان کو سرکاری سطح پر گندم کا کوٹہ جاری کرنے کی سمری جاری کرنے کے باوجود فیصل آباد کے محکمہ خوراک حکام کی جانب سے کوٹہ جاری کرنے کے پہلے روز سے ہی آٹا چکی مالکان کو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری کرنے سے انکار کردیا گیا۔ فلور ملز اور آٹا چکی مالکان کو سرکاری سطح پر گندم کا کوٹہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف اوپن مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا بلکہ اس کی قلت بھی پیدا ہو جائے گی جبکہ گندم کا کوٹہ فوری طور پر جاری نہ ہونے کے خلاف آٹا چکی مالکان نے محکمہ خوراک دفتر کا گھیراوّ کرتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک حکام کی جانب سے صوبے کی سطح پر گندم کی سرکاری سطح پر سپلائی شروع کرنے کے لئے پالیسی جاری کر دی گئی ہے جس کے تحت محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز اور آٹا چکیوں کو 1950روپے فی من کے حساب سے گندم فروخت کی جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت محکمہ خوراک حکام کی جانب سے آٹا چکی مالکان کو یومیہ 500 کلو گرام کوٹہ منظور کیا گیا ہے ۔ سرکاری سطح پر پالیسی جاری ہونے کے باوجود فیصل آباد کے محکمہ خوراک حکام کی جانب سے آٹا چکی مالکان کو گندم کی سپلائی دینے سے انکار کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹوں میں گندم اور آٹے کی قلت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری وحید قیصر کہتے ہیں کہ محکمہ خوراک حکام کی جانب سے بے بنیاد جو از سامنے رکھتے ہوئے آٹا چکی مالکان کا استحصال کیا جارہا ہے اور گندم کا سرکاری کوٹہ دینے سے انکار کیا جا رہا ہے ۔ معاملے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر تنویر احمد کہتے ہیں پالیسی کے تحت آٹا چکی مالکان کو اپنی چکیوں کی حدود متعین کروانے کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں ضلعی انتظامیہ سے آٹا چکی مالکان اپنی چکیوں کی تحصیل سٹی میں موجودگی کا تعین کروانے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد محکمہ خوراک دفتر کا رخ کریں تو انہیں بغیر کسی روک ٹوک کے پالیسی کے مطابق گندم کا کوٹہ جاری کردیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں