انسداد پولیو ٹیموں کو گھرگھر جاکر ٹارگٹ پورا کرنیکا حکم ، کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت

انسداد پولیو ٹیموں کو گھرگھر جاکر ٹارگٹ پورا کرنیکا حکم ، کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت

مہم کے آخری دو دن بھی تندہی سے فرائض انجام دیئے جائیں : ڈپٹی کمشنر ، تعاون نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے چالان کرنے کی ہدایت ، اسسٹنٹ کمشنر صدر نے گھر گھر جا کر چیکنگ کی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے کہا ہے کہ انسداد پولیومہم کے کیچ اپ ڈیز کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ٹارگٹ مکمل کریں تاکہ مطلوبہ اہداف کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہ رہے ۔انہوں نے یہ بات انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد اور اب تک کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے آخری دو دن بھی تندہی سے فرائض انجام دیئے جائیں اور بچوں کے گھروں میں نہ ہونے کی صورت میں ان کا سراغ لگائیں اور اہل محلہ سے معلومات لی جائیں۔مہمان بچوں کی بھی سو فیصد کوریج ہونی چاہیے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ سٹینڈز کے دورے کرکے مہم کی کڑی نگرانی کی تاکید کی اور کہا کہ تعاون نہ کرنے والی بسوں کے چالان کئے جائیں۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے مختلف علاقوں کی گلی محلوں کا دورہ کیا اور گھروں کے دروازوں پر دستک دے کر والدین سے ان کے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کے بارے میں دریافت کیا اور بچوں کی انگلیوں پر نشانات بھی چیک کئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں