سائبرکرائم رپورٹنگ سنٹر میں سہولیات کی کمی کاانکشاف
ٹیکنیکل سازوسامان،ٹرانسپورٹ و خواتین کاعملہ بالکل ہی موجود نہیں،مردعملہ ہونے کی وجہ سے درخواست دینے کیلئے خواتین کو پریشانی کاسامنا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر )فیصل آباد کے سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر میں خواتین عملہ تعینات نہ ہونے کا انکشاف۔ خواتین کے سنگین نوعیت کے کیسز بھی مرد عملہ ڈیل کرنے لگا،تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر فیصل آباد اپنے قیام سے لیکر اب تک عملہ، ضروری ٹیکنیکل سازو سامان اور ٹرانسپورٹ کی کمی کا شکار ہے جبکہ اس سنٹر میں خواتین عملہ تو بالکل ہی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے سائبر کرائم سنٹر میں نہ ہی فرنٹ ڈیسک پر درخواستیں موصول کرنے کیلئے خواتین عملہ موجود ہے نہ ہی ایسی درخواستوں پر تفتیش اور گرفتاری کیلئے کوئی خواتین تفتیشی آفیسرز موجود ہیں ، تمام مرد عملہ ہی تعینات ہونے کی وجہ سے درخواست دینے آنیوالی خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد سید فرید علی کا موقف ہے کہ جب تک خواتین عملے کی بھرتی نہیں ہوتی ایف آئی اے سرکل دفتر سے ضرورت کے وقت خواتین عملہ سائبر کرائم دفتر کو مہیا کیاجائے گا اور ان میں سے کئی خواتین کی عارضی تعیناتی بھی سائبرکرائم میں کردی جائے گی۔