ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ضلعی اوورسیزکمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ضلعی اوورسیزکمیٹی کا اجلاس

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ترجیح ،علی شہزاد

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مختلف محکموں سے متعلقہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ترجیح ہے اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وہ گزشتہ روز اپنے آفس میں ضلعی اوور سیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ڈپٹی کمشنر اورچیئرپرسن مرزا محمد اصغر نے تارکین وطن کے مختلف محکموں واداروں سے متعلقہ مسائل سن کر موقع پر افسرو ں کو ازالہ کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کے اراضی پر قبضوں ،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم،رقوم کی لین دین،جعلی دستاویزات پر فراڈ،تجاوزات،غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستوں پر موقف سنتے ہوئے بیشتر شکایات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیاڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لیں اور درکار رپورٹس کی فراہمی میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔ا س موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی،ممبر کمیٹی طلحہ حمید اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں