ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی میں سیمینار

ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی میں سیمینار

دنیا میں تقریبا 56ہزار افراد ریبیز سے مر تے ہیں ،وائس چانسلر ڈاکٹراقرار

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے زیراہتمام نیوسینٹ ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں ویکسی نیشن کیمپ بھی لگایا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا دنیا بھر میں تقریبا 56ہزار افراد ریبیز سے مر جاتے ہیں جس میں 15سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 40فیصد ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے کہا یہ بیماری متاثرہ جانوروں کے تھوک کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے یہ مواد کتوں اور چمگادڑوں میں سب سے زیادہ پایا جاتا ہے ۔ جب انسانوں کو ایک پاگل جانور کاٹتا ہے تو یہ وائرس تیزی کیساتھ داخل ہو کر مرکزی اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے ۔پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے شرکا پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ پالتو جانوروں کی ویکسی نیشن کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریں اور بچوں کو باؤلے پن کے شکار جانوروں کے کاٹنے سے بچاؤ کے بارے میں شعور اجاگر کریں ،ڈاکٹر سہیل ساجد ،ڈاکٹر محمد ثاقب اور ڈاکٹر اشعر محفوظ نے کہا عوام میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوانہ رضوی، پیٹ کیئر ہسپتال کے حافظ فیصل اعجاز، رانا پیٹ کلینک اسلام آباد کے رانا محمداکمل نے بھی خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں