پانی ، نہ انتظار گاہ : ایف آئی اے دفتر آنیوالے سائل پریشان
بیشتر تفتیشی آفیسر تاخیر سے پہنچتے ہیں،واٹر ڈسپنرز کا اہتمام کیا جائے، طویل عرصے سے چلنے والی انکوائریوں کو فی الفور نمٹایا جائے:شہری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایف آئی اے دفتر فیصل آباد میں سائلین کیلئے نہ سایہ، نہ پانی اور نہ ہی انتظار گاہ کا انتظام موجود، دور دراز سے آنیوالے سائلین بے یارومددگار سرکل دفتر میں دھوپ میں کھڑے ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ تفصیل کے مطابق دو سال قبل وفاقی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کا دفتر پیپلزکالونی سے جھنگ روڈ ایئریونیورسٹی میں سرکاری عمارت میں منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایس ایچ او کے ساتھ ساتھ مختلف تفتیشی افسروں کے دفاترو دیگر عملے کے دفاتر اور حوالات بھی بنائی گئی ہے لیکن اس وسیع و عریض دفتر میں کافی خالی جگہ ہونے کے باوجود سائلین کیلئے نہ کوئی سایہ دار انتظار گاہ بنائی گئی ہے اور نہ ہی ٹھنڈے پانی و بیٹھنے کی کوئی جگہ موجود ہے ۔ شہر سے باہر دفتر ہونے کی وجہ سے بیشتر تفتیشی آفیسرز تاخیر سے دفتر پہنچتے ہیں اور بائیو میٹرک حاضری نہ ہونے کے سبب من مرضی کے مطابق ڈیوٹی کی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس سائلین کو درخواستوں، انکوائریوں و مقدمات پر سماعت کیلئے صبح سویرے ہی طلب کرلیا جاتا ہے جو فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ و ان شہروں کے مضافات سے انکوائریوں کے سلسلے میں آکر سارا دن خوار ہوتے رہتے ہیں جبکہ تفتیشی آفیسر آتے ہی آئندہ تاریخ پیشی ڈال کر ان کو خوار کرتے ہوئے واپس بھجوادیتے ہیں جس سے سائلین کو خوار کرنے کا سلسلہ چلا ہوا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے دفتر میں سائلین کیلئے بیٹھنے کیلئے مناسب انتظار گاہ بنائی جائے ، واٹر ڈسپنرز کا اہتمام کیا جائے اور طویل عرصے سے چلنے والی انکوائریوں کو فی الفور نمٹایا جائے ۔