وزیراعظم نے تین سال طعنوں میں گزاردئیے :سردارظفر

وزیراعظم نے تین سال طعنوں میں گزاردئیے :سردارظفر

حکومت انتخابی اصلاحات کے نام پر انتخابات چوری کرنے کا پلان بنارہی ہے

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا قومی اسمبلی ،سینیٹ اور صوبائی اسمبلیاں تین سال سے مسلسل ناکام ہیں ۔ حکومت انتخابی اصلاحات کے نام پر الیکشن کمیشن کو بے بس کرکے ریاستی نظام اور اداروں کے ذریعے مستقل بنیادوں پر انتخابات چوری کرنے کا پلان بنارہی ہے ۔ عمران خان کی انتخابی اصلاحات بھی جمہوریت اور شفاف انتخابات پر ریاستی بالادستی قائم کرنے کا حربہ ہے ۔ جمہوری قوتیں متحد ہوکرانتخابی چوری کی حکومتی حکمت عملی کو ناکام بنائیں۔انہوں نے کہا عوام کے منتخب اداروں کابنیادی کام قانون سازی ہے لیکن قانون سازی کے عمل کو مضحکہ خیز اور غیر آئینی ، غیر پارلیمانی عمل بنادیا گیا ہے ، انہوں نے کہا بلوچستان اسمبلی میں عدم اعتماد کے نام پرہارس ٹریڈنگ کے شرمناک واقعات پارلیمانی تاریخ کا سیاہ باب بن گیا ہے ۔ مقتدر سیاسی جماعتوں کے غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی روئیے اب ناقابل برداشت ہیں ۔انہوں نے کہا وزیراعظم نے تین سال طعنوں اور عوام دشمن پالیسیوں میں گزاردئیے ، ملک و قوم کے مفاد کے حوالے سے کسی مرحلہ پر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں