دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے دفاترسیل، تعمیرات مسمار

دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے دفاترسیل، تعمیرات مسمار

عوام خرید نے سے قبل متعلقہ ریکارڈ ،قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں،ہدایت

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بلا منظوری قائم کی جانیوالی دو ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر کوسیل اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ بعض علاقوں میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کا قیام عمل میں لایا جارہاہے جس پر انفورسمنٹ ٹیم کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی جس نے چک نمبر73ج ب میں عبداللہ گارڈن اور چک نمبر 68ج ب میں مون ہاؤسنگ سکیم کو چیک کیاتو وہاں متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پائی گئیں تو محکمانہ کارروائی کے دوران ان کے دفاتر کو سربمہر کرکے غیرقانونی طور پرتعمیرکی جانیوالی سڑکوں، سیوریج، گرین بیلٹس اور خلاف قانون دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیاگیا اورعوام کو مطلع کیاگیا کہ وہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ کی خریدنے سے قبل متعلقہ ریکارڈ اورقانونی حیثیت کو ضرور چیک کرلیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں