محکمہ محنت و افرادی قوت کو مکمل ڈیجیٹلائز کر دیا :انصر مجید

محکمہ محنت و افرادی قوت کو مکمل ڈیجیٹلائز کر دیا :انصر مجید

لیبر کارڈ جاری کرنے کیلئے پنجاب بینک سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)محکمہ محنت و افرادی قوت کے پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے اور99فیصد مالکان اپنے مزدوروں کی کنٹری بیوشن بذریعہ آن لائن ادا کر رہے ہیں۔ یہ بات صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان نیازی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پنجاب کا سب سے بڑا صنعتی مرکز ہے مگر یہاں رجسٹرڈ محنت کشوں کی تعداد صرف اڑھائی سے تین لاکھ ہے جبکہ انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق یہ تعداد اس سے بہت زیادہ ہونی چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر صنعت نے انسپکٹر لیس رجیم کا اعلان کیا ہے ۔ ہم نے اس سلسلہ میں سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت آنے والے اداروں میں سے صرف 15فیصد کا آڈٹ ہوگا۔ اس سلسلہ میں ایمنسٹی سکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت مالکان کو 5.5ارب روپے کا یک مشت جبکہ 40کروڑ روپے سالانہ کا ریلیف ملے گا۔ سیلف اسیسمنٹ کے تحت آنے والے اداروں کے کلیم کو من و عن تسلیم کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لیبر کارڈ جاری کرنے کیلئے پنجاب بینک سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں جن پر مزدوروں کو خریداری پر بھی خصوصی رعایت ملے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں