کرنسی کا غیر قانونی کاروبار تیز، حکام خاموش

کرنسی کا غیر قانونی کاروبار تیز، حکام خاموش

ایف آئی اے کے انسپکٹرز کی جانب سے ہنڈی ،حوالہ مالکان سے منتھلیاں لینے کا انکشاف ،معلومات پر کارر وائی کرتے ہیں: ڈائریکٹر،12ٹیمیں تشکیل

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں کرنسی کی غیر قانونی سمگلنگ کا دھندہ فروغ پانے لگا، ایف آئی اے کی جانب سے کارر وائیاں نہ ہونے کے برابر، ایف آئی اے کے انسپکٹرز کی جانب سے مختلف ہنڈی ،حوالہ مالکان سے منتھلیاں لینے کا انکشاف سامنے آیا ہے ، فیصل آباد میں چنیوٹ بازار اور کچہری بازار کی مارکیٹوں میں خفیہ طور پر ہنڈی حوالہ کا کاروبار فروغ پارہا ہے اور اس مکروہ دھندے سے منسلک افراد کرنسی کی غیرقانونی سمگلنگ کرنے میں ملوث ہیں اور بیرون ممالک سے آنیوالی کرنسی کو غیر قانونی طریقہ سے سمگل کرتے ہیں جسکے نتیجہ میں ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہو تا ہے ،ذ رائع کے مطابق واضح احکامات کے باوجود ایف آئی اے حکام ہنڈی حوالہ کاروبار سے منسلک مافیاز کو پکڑنے سے گریز کررہے ہیں بیشتر انسپکٹرز و عملہ باقاعدہ ان مقامات سے منتھلیاں لینے میں بھی ملوث ہے اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد سید فرید علی کا کہنا ہے کہ ہنڈی حوالہ کے حوالے سے کارر وائی کی جارہی ہے خفیہ ٹیمیں لگائی گئی ہیں جہاں پر بھی معلومات ملتی ہے کارر وائی کی جارہی ہے اور مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیںپنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شعبہ ٹرانسپورٹ میں کوروناویکسی نیشن کے اہداف کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کی حدود میں واقع موٹروے کے داخلی وخارجی پوائنٹس پرعملدرآمد کے حوالے سے 12 مشترکہ مانیٹرنگ ٹیمزبرائے مانیٹرنگ وعملدرآمد تشکیل دی ہیں۔ ہر انٹری وایگزیکٹ پوائنٹ پر پانچ محکموں واداروں کی ٹیم مانیٹرنگ اور رپورٹ پیش کریگی۔ مانیٹرنگ ٹیم میں ضلعی انتظامیہ،ضلعی پولیس،نیشنل ہائی ویز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں جو ساہیانوالہ انٹرچینج داخلی و خارجی پوائنٹ،ڈپٹی والا انٹر چینج،کمال پور انٹرچینج،امین پور بنگلہ،سمندری اور جڑانوالہ انٹرچینجز پرہر قسم کی وہیکلز کو چیک کرکے ویکسی نیشن رپورٹ مرتب کرینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں