موجودہ حکومت نااہلی کی تما م حدیں پار کرچکی:عطااللہ
مہنگائی بے روزگاری کے ستائے لوگ خودکشیاں کر نے پر مجبور ہیں،خطاب
گوجرہ(نما ئندہ دُنیا )موجودہ حکومت نااہلی کی تما م حدیں پار کر چکی ہے مہنگائی نے عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیاہے ۔ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعوے کر نے والوں نے بے لگام مہنگائی کرکے عوام سے جینے کا حق چھین لیاہے ۔مہنگائی بے روزگاری کے ستائے لوگ خودکشیاں کر نے پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے امیدوار برائے حلقہ این اے 111ڈاکٹر عطا اﷲ حمید نے ریلی سے چوک ملکانوالہ میں خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر امیدوار حلقہ پی پی 118حافظ نثار احمد جنجوعہ،حلقہ پی پی 119جاوید اقبال شیروانی اورضلعی جنرل سیکرٹری حافظ فرحان اﷲ نے بھی خطاب کیا ریلی میں ضلعی امیرمولاناعارف محمود، ضلعی نائب امیرمولانا رحمت اﷲ ارشد ،عبدالقیوم چودھری سمیت دیگر عہدیداروں و کارکنوں کی کثیر تعدادشریک ہوئی ۔ مقررین نے کہا اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کیا جارہاہے جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں عوام مہنگائی کے قہر میں بری طرح سے پھنس چکے ہیں۔