مہنگائی کی وجہ سے پوری دنیا مشکلات کا شکار :ابراررشید
وزیراعظم مہنگائی کی روک تھام کیلئے اقداما ت کر رہے ہیں،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی
فیصل آباد(نیوزرپورٹر،نامہ نگارخصوصی ) چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چودھری ابرار رشید ڈھلوں نے کہاہے کہ مہنگائی کی وجہ سے پوری دنیا مشکلات کا شکار ہے تاہم موجودہ حکومت پرامید ہے کہ مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائیگا۔انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان مہنگائی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقداما ت کر رہے ہیں انہی کاوشوں کی بدولت جلد مہنگائی پر قابو پاکر صارفین کو ریلیف فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کے بجائے ملک و قوم پر رحم کرے ،نااہل درباری احتساب کے عمل کو متنازع بنانے کی بھرپور مگر ناکام کوشش میں ہیں،نئے پاکستان میں انصاف کی بدولت کرپشن اور مافیاز کا قلع قمع ممکن ہے ،کئی سال تک ملک لوٹنے والوں کو عوام کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا تحریک انصاف حکومت نے نااہلوں کی تباہ حال معیشت کو درست سمت دی، تحریک انصاف نے ڈوبتی معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ کورونا وبا کا بھی مقابلہ کیا۔کورونا نے پوری دنیا میں تباہی مچائی،اموات کے ساتھ معیشتیں بھی ڈوبیں۔