ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے کوشاں:محبوب الزماں
ملک کو غریبوں نے نہیں اشرافیہ نے نقصان پہنچایا ،ضلعی امیرجماعت اسلامی
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے کوشاں ہے اور ہماری ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے ۔جب تک عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع ملیں تو آئین شکنی خود بخود ختم ہوجائے گی ۔جماعت اسلامی کا اسلامی و خوشحال پاکستان کا ایجنڈا ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ایک نئے عزم کے ساتھ قومی وقار کو بحال کرنے اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا ایجنڈا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں نومنتخب زونل امرا کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ملک کو غریبوں نے نہیں اشرافیہ اور طبقہ امرا نے نقصان پہنچایا ہے ۔ حکمرانوں نے ہمیشہ غریب کی جھونپڑی میں جلنے والے دیئے کو بھی بجھانے کی کوشش کی ہے لیکن غربت اور مہنگائی کے مارے عوام آج بھی ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا خون پسینہ ایک کررہے ہیں ۔