جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنوں کا مہنگائی کیخلاف مظاہرہ
پارلیمنٹ میں حکومت اورنام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں فکس میچ کھیل رہی ہیں ،جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ،عمرفاروق،عمران عبداللہ
پینسرہ(نمائندہ دنیا )جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنوں نے جھنگ روڈ پرایئرپورٹ چوک میں مہنگائی کے خلاف ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،زونل صدر عمران عبداللہ اور دیگر قائدین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ساری دنیا میں سال میں ایک بار قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ہمارے یہاں ہر مہینے قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں ۔ وزیراعظم مافیاز پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتے کیونکہ ان کے دائیں بائیں وہی لوگ بیٹھے ہیں اور ان کے دوست ہیں ۔ پی ٹی آئی کے کرپشن کو ختم کرنے کے دعوے ہوائی ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا 3 کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جا سکتے ۔ غریبوں کے لئے صحت کی سہولتیں ناپید ہیں لیکن حکمرانوں کے سر میں بھی درد ہو جائے تو بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں ، پارلیمنٹ میں حکومت اورنام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں فکس میچ کھیل رہی ہیں ۔ پیپلز پارٹی،مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا اختلاف صرف نیب کیسز پر ہے ، باقی ایشوز پر ایک ہیں ۔ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ آج اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان لنگر خانے کے باہر قطار میں کھڑا مایوس ہے ۔ پاکستان کے مسائل کا حل سودی معیشت سے نجات اور قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے ۔