بغیر فیس پارکس میں‌ شادی پر جرمانہ ہوگا

بغیر فیس پارکس میں‌ شادی پر جرمانہ ہوگا

کمیٹی قائم کر دی گئی ،تمام ٹاؤن انچارجز کو پارکس میں پروگرامز کے دوران پھولوں و پودوں کی حفاظت کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے بغیر فیس جمع کرائے پارکس میں شادی کی تقریبات کا انعقاد کرنے والوں سے موقع پر فیس لینے اور جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل عاصمہ اعجاز چیمہ کی ہدایات پراس ضمن میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو پارکس میں ہونے والے مختلف ایونٹس کی سخت مانیٹرنگ کرے گی اور بغیر فیس کے فنکشنز کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔علاوہ ازیں تمام ٹاؤن انچارجز کو پارکس میں پروگرامز کے دوران پھولوں و پودوں کی حفاظت کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ڈی جی نے متعلقہ انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ پارکس میں ایونٹس کے دوران پارکنگ کو پارکس کی حدود کے باہر تک محدود رکھا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ ادارے کی طرف سے پارکس کی بکنگ کے حوالے سے شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن بھی قائم جس پرشہری موبائل نمبر 0316-7500808پر شکایت کا اندراج کرا سکتے ہیں جس کا تیز رفتار ازالہ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں