انڈونیشیا اور پاکستان میں مضبوط تعلقات :انڈونیشین سفیر

 انڈونیشیا اور پاکستان میں مضبوط تعلقات :انڈونیشین سفیر

فیصل آبا د ویمن چیمبرکے عہدیداروں کو انڈونیشیا کے سفارتخانے کے دورہ کی دعوت

فیصل آباد (سٹاف رورٹر) انڈونیشیا کی سرکردہ کاروباری خواتین اور فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے سلسلہ میں انڈونیشیا کا سفارتخانہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ یہ بات انڈونیشیا کے سفیر آدم ملاورمان توگیو نے فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر نگہت شاہد کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان مضبوط مذہبی ، ثقافتی اور سفارتی تعلقات ہیں جن سے ابھی تک پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا ۔ انہوں نے بتایا خواتین کو معاشی ترقی کے دھارے میں لا کے انڈونیشیا نے زبردست ترقی کی ہے ۔ اس وقت انڈونیشیا کی خواتین سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ انڈونیشیا اس حوالے سے اپنے تجربے اور مہارت کو پاکستان سے بھی شیئر کر سکتا ہے ۔ انہوں نے فیصل آبا د ویمن چیمبرکے عہدیداروں کو انڈونیشیا کے سفارتخانے کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ فیصل آباد ویمن چیمبر کی تجاویز کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا جدید انڈونیشیا میں خواتین ترقی میں پیش پیش ہیں اور پاکستانی خواتین اس سے فائدہ اٹھا کر معیشت کی بہتری میں مدد کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف سیکٹرز پرجامع تجاویز لے کر آئیں تاکہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تعاون کو بڑھایا جا سکے ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے صدر فیصل آباد ویمن چیمبر نگہت شاہد نے بتایا انڈونیشیا کے سفیر نے ویمن انٹر پرینوئر شپ کو دونوں ملکوں کے درمیان فروغ دینے کیلئے اپنے تعاون کایقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ فیصل آباد ویمن چیمبر کے وفد کو انڈونیشیا کا دورہ کرنے کیلئے مناسب سہولت مہیا کی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں