تحصیل اٹھارہ ہزاری میں اتایت کا گھوڑا بے لگام ہوگیا
محکمہ کے ذمہ داروں نے آنکھیں موندلیں،شہریوں کاکریک ڈائون کامطالبہ
اٹھارہ ہزاری(نامہ نگار)اٹھارہ ہزاری تحصیل بھرمیں اتائیوں کاراج،محکمہ صحت حکام نے آنکھیں موندلیں، تفصیلات کے مطابق تحصیل اٹھارہ ہزاری میں اتایت کا گھوڑا بے لگام ہوگیا ،تحصیل بھرمیں سینکڑوں کھلے عام چلنے والے اتائیوں کے کلینک حکومتی رٹ کی نفی کرنے لگے ہیں، اتایت کا ناسور ہر ماہ درجنوں زندگیوں کوجیتے جی موت کی وادی میں دھکیل رہاہے لیکن محکمہ ہیلتھ کے ذمہ دار مبینہ نظرانے لیکر،سفارشوں اور ذاتی تعلقات کی بناپر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جو انکی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیاہے ،اتائی ڈاکٹروں کے درجنوں کلینک اندرون شہر اوردیہی علاقوں میں دھڑلے سے چل رہے ہیں اوران میں غیرقانونی سرجری تک کی جاتی ہے ، نیم حکیم اتائیوں کے ٹوٹکوں اورناقص علاج معالجہ سے نہ صرف سینکڑوں زندگیوں کا ضیاع ہوچکاہے بلکہ مزید بھی یہ سلسلہ بلاخوف وروک ٹوک جاری ہے ،متعدد افراد اتائیوں کے علاج سے زندگی بھرکی معذوری میں مبتلا ہو چکے ہیں، شہریوں کے مطابق ہیلتھ کیئرپنجاب کی ٹیموں نے بھی اتائیوں کے خلاف کوئی خاطرخواہ کاروائی نہیں کی،اس افسوس ناک اورخطرناک صورت حال پرشہریوں نے وزیر اعلیٰ،وزیرصحت پنجاب،چیف سیکرٹری ودیگر حکام سے شفاکے نام پر موت باٹنے والے اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کامطالبہ کیاہے ۔