مہنگائی کا طوفان پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گھر بیٹھ کر تنخواہیں لینے لگے
انتظامی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے شہری لٹ رہے ہیں ، سٹیزن پورٹل پر بھی شکایتوں کے انبار لگ گئے
فیصل آ باد(سٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مہنگائی کا طوفان ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنے لگے ، سٹیزن پورٹل پر بھی شکایتوں کے انبار لگ گئے ۔فیصل آباد میں انتظامی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کا جن بے قابو ہے ، ملک بھر میں ویسے بھی مہنگائی کا شور ہے لیکن فیصل آباد میں انتظامی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے شہری لٹ رہے ہیں جبکہ بازاروں میں منافع خور سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کرنے سے صاف انکاری ہیں جو سرکاری ریٹ سے ڈبل سبزیوں ، پھلوں اور گوشت کی قیمتیں وصول کررہے ہیں اوپن مارکیٹ میں شملہ مرچ 120 کے بجائے 200 ، مٹر 115 کے بجائے 200 روپے ، ٹماٹر 100 کے بجائے 130 روپے ، پیاز 25 روپے کے بجائے 50 روپے ، آلو 60 کے بجائے 80 روپے ، بینگن 16 کے بجائے 50 ، شلجم 26 کے بجائے 50 کریلے 60 کے بجائے 100 روپے مونگرے 80 کے بجائے 150 روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ بڑا گوشت 450 کے بجائے 650 ، چھوٹا گوشت 950 کے بجائے 1300 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے ، انتظامیہ کی جانب سے بازار میں روزانہ ریٹ لسٹ تقسیم کی جاتی ہے جو دکاندار جیبوں میں ڈال لیتے ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے فیصل آباد میں 3 درجن پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ہیں جو گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کررہے ہیں اس حوالے سے وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر بڑی تعداد میں شکایات کا اندراج بھی کروایا گیا لیکن اسکے باوجود انتظامیہ عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے ۔