چھٹی پر سارا دن پتنگ بازی، پولیس تماشائی

چھٹی پر سارا دن پتنگ بازی، پولیس تماشائی

کیمیکل ڈور کی مدد سے موت کا کھیل ، پتنگ بازی سے حادثات کے بعد روکنے کے آئی جی کے احکامات پر بوگس رپورٹس جمع کرانے کا انکشاف

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گزشتہ روز اتوار کو انجوائے کرنے کے لئے دن بھر منچلے چھتوں پر چڑھ کر پتنگ بازی کرنے میں مصروف رہے ۔ منچلوں کی جانب سے کیمیکل ڈور کی مدد سے پتنگ بازی کرتے ہوئے موت کے کھیل کو جاری رکھاگیا جبکہ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے کے باوجود بھی تھانہ جات کی حدود میں پولیس پتنگ بازوں کو لگام ڈالنے اور پتنگ بازی جیسے موت کے کھیل کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکامی کا شکار دکھائی دی۔ پتنگ بازی کی وجہ سے آئے روز شہریوں کے زخمی ہونے پر اور جان سے ہاتھ دھونے کے واقعات سامنے آنے کے باوجود بھی پولیس اس موت کے کھیل کو جڑ سے ختم کرنے میں ناکام ہے ۔آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان کی جانب سے جاری پتنگ بازی کی روک تھام اور پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والے کے عناصر کے خلاف سخت ترین کارر وائیاں عمل میں لانے کے حوالے سے احکامات تو جاری کئے گئے ہیں لیکن اسکے برعکس فیصل آباد میں ضلعی پولیس کی جانب سے سخت ترین احکامات جاری ہونے کے باوجود بھی پتنگ بازوں کو لگام ڈالنے کے لئے کوئی موثر اقدامات نہیں اٹھائے جا سکے ۔فیصل آباد میں تھانہ غلام محمد آباد کا علاقہ مدنپورہ، سیالوی کالونی، غلام محمد آباد، اچکیرہ ، سدھو پورہ، تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے علامہ اقبال کالونی ، عاصم ٹائون، رضا آباد، مدینہ ٹاؤن، منصورآباد ،ملت ٹاؤن ،بٹالہ کالونی، پیپلزکالونی، سمن آباد، سرگودھا روڈ، فیکٹری ایریا سمیت شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سرعام عام پتنگ بازی کا سامان فروخت کیا جا رہا ہے ۔ سرعام پتنگ بازی کا سامان با آسانی میسر آنے کی وجہ سے پتنگ باز بلاخوف و خطر پتنگ بازی کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس کی طرف سے محض بوگس کارروائیاں اور بوگس رپورٹس پیش کرتے ہوئے حکام سے داد وصول کر لی گئی۔ شہریوں کی جانب سے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پتنگ بازی جیسے موت کے کھیل کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں