انسداد سموگ کارروائیاں سست: ایئر کوالٹی انڈیکس 5 سو فیصد تک پہنچ گیا، مریضوں میں اضافہ
فیصل آباد آلودہ ترین شہر ،حد نگاہ شدید متاثر ،سموگ پر قابو نہ پایا تو مریضوں کی تعداد مزید بڑھے گی :ماہرین ،2 بھٹے ،دوبوائلر سیل ایک کو جر مانہ
فیصل آباد(نیوزرپورٹر، سٹاف رپورٹر)ایئر کوالٹی انڈیکس 5 سو فیصد تک پہنچ گیا ، صبح اور شام کے وقت سموگ کے ڈیرے ، حد نگاہ شدید متاثر ، ہسپتالوں میں سانس کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ، فیصل آباد آلودہ ترین شہر ہو گیا ، محکمہ ماحولیات سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیاں سست روی سے کر رہا ہے ، صنعتی شہر میں فیکٹریوں کی چمنیوں سے دھواں کنٹرول کرنے کا دعویٰ صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہے ،تاہم چند فیکٹریوں کو محکمہ ماحولیات نے نوٹسز جاری کئے ہیں جبکہ باقی فیکٹریوں میں محکمہ ماحولیات کا عملہ وزٹ کرنے کے بعد بغیر کارروائی واپس لوٹ جا تا ہے ۔امراض سینہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ پر قابو نہ پایا گیا تو سانس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا۔ دریں اثنا محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے گزشتہ روز سموگ کے خلاف جاری انسدادی اقدامات کے تحت کارروائیاں کرکے مزید دو بھٹوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات وسیم احسن چیمہ نے بتایا کہ ٹیموں نے دوران چیکنگ شیخوپورہ روڈ پر 97 رب جوہل تحصیل جڑانوالہ میں میاں برکس اور 74 رب میں چودھری برکس کو 50/50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف نے دو سائزنگ یونٹس کے بوائلر کو غیر معیاری ایندھن جلا کر آلودگی پھیلانے اور سموگ کا باعث بننے پر سیل اور 3 یونٹس کے مالکان کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے متعدد بار اصلاح کے نوٹسز کے باوجود خلاف ورزی پر ماڈرن سائزنگ اور مدینہ سائزنگ کے بوائلر کو سیل اور تین یونٹس کو موقع پر بھاری جرمانہ کیا۔