سکول میں پڑھائی کے بجائے بچے مزدوری کرنے لگے

سکول میں پڑھائی کے بجائے بچے مزدوری کرنے لگے

نالائق بچوں سے کلاسز ، گراؤنڈ کی صفائی اور چھڑکائو کروانے کے احکامات ،اپنے بچوں کو سکول پڑھنے بھیجتے ہیں نہ کہ مزدوری کیلئے،والدین سراپا احتجاج،واقعہ کی رپورٹ مانگ لی ہے جلد ہی کارروائی کی جائے گی ،سی او ایجوکیشن

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنمنٹ جامع ماڈل ہائی سکول میں سبق یاد نہ کرکے آنے والے اور نالائق بچوں کو سزا کے طور پر مزدوری کروانا شروع کردی ہے ۔سکول میں بلڈنگ کی مرمت کا کام مستری مزدوروں سے کروانے کے بجائے بچوں سے مشقت کروانے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکول انتظامیہ نے اساتذہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ جو بچے اپنا ہوم ورک نہیں کرتے یا نالائق ہیں ان پر تشدد کرنے کے بجائے سزا کے طور پر مزدوری کروائی جائے ،چھٹی کے بعد سویپر کے بجائے ان بچوں سے کلاسز اور گراؤنڈ کی صفائی اور چھڑکائو کروایا جائے ۔اس حوالے سے طالب علموں کے والدین نے سخت الفاظ میں احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی جھنگ اور سیکرٹری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھنے کیلئے بھیجتے ہیں نہ کہ مزدوری کیلئے لہٰذا گورنمنٹ جامع ہائی سکول کی انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور بچوں سے مشقت کروانے والوں کیخلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے دوسری طرف سی او ایجوکیشن محمد نوازکا کہنا تھا واقعہ کی رپورٹ مانگ لی ہے جلد ہی کارروائی کی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں