پولیومہم :انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس
مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،ڈپٹی کمشنر عمرجاوید
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار)حکومت پنجاب محکمہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز13دسمبر سے ہو گا جو17دسمبر تک جاری رہیگی،اس ضمن میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنرعمر جاوید کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نبیل ریاض سندھو ،اسسٹنٹ کمشنرز ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ و دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر جاوید نے محکمہ صحت کے افسروں کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ضلعی انتظامیہ کے افسروں کے ذریعے بھی نگرانی کاکام لیا جائیگا اور انسدادپولیو مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے کہا پولیو مہم کے لئے ہیلتھ ورکرز کی تربیت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور اس ضمن میں دیگر متعلقہ محکموں سے روابط کو بھی موثر بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے پولیس سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر نے سماجی تنظیموں اور دیگر عوامی حلقوں پر زور دیا کہ پولیو جیسی موذی وبا کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے حکومت کو شہریوں کا بھرپور تعاون بھی درکار ہے ۔