تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال جڑانوالہ، بیڈز کی توسیع کا منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل کرانے کا حکم

تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال جڑانوالہ، بیڈز کی توسیع کا منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل کرانے کا حکم

تحصیل سطح پر لوگوں کو علاج معالجے کے حوالے سے طبی سروسز کی فراہمی کیلئے اپ گریڈیشن ناگزیر،زاہد حسین

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جڑانوالہ کی 60 سے 100 بیڈز تک توسیع کا منصوبہ31 دسمبر تک مکمل کرانے کا حکم دیا ہے اور متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ زیر التوا امور میں تیزی لائیں اور پراگریس سے انہیں روزانہ باخبر رکھا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے علاوہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید افتخار اولکھ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر اوربلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو تحصیل ہسپتال کی اپ گریڈیشن مقررہ ڈیڈلائن میں مکمل کرنے کے لئے اضافی وسائل اور ورک فورس لگانے کی تاکید کی اور کہا تحصیل سطح پر لوگوں کو علاج معالجے کے حوالے سے طبی سروسز کی فراہمی کے لئے ہسپتال کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے ۔دریں اثنا ڈویژنل کمشنر کی صدارت میں ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ترقیاتی منصوبوں کی فنی وتکنیکی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں دو سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ڈویژنل کمشنر نے چنیوٹ میں ہائی ویزکی دو،ضلع فیصل آباد اور جھنگ میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ایک، ایک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہائی ویزکی ایک سکیم پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے محکمانہ امور جلد مکمل کرکے تعمیراتی کام شروع کرانے کی تاکید کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں