پولیس اور سول ڈیفنس کی مداخلت، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا 2 روزہ ہڑتال کا اعلان

پولیس اور سول ڈیفنس کی مداخلت، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا 2 روزہ ہڑتال کا اعلان

آر پی او انکوائری کمیٹی بنائیں ،ایل پی جی کے کاروبار سے منسلک کسی شخص کیخلاف زیادتی برداشت نہیں کرینگے :عہدیداروں کی پریس کانفرنس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا پولیس اور سول ڈیفنس کے کاروبار میں بے جا مداخلت کے خلاف 2 روزہ ہڑتال کا اعلان ۔ فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میں پولیس اور سول ڈیفنس افسروں کی ایل پی جی کے کاروبار میں بے جا مداخلت کے خلاف چیف ایگزیکٹو ایف سی ایس ٹی آئی میاں ظفر اقبال کے ہمراہ عرفان کھوکھر چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان اور ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن فیصل آباد کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اس موقع پر ایف سی ایس ٹی آئی کے میاں ظفر اقبال نے کہا کہ ہم ایل پی جی کے کاروبار سے منسلک کسی شخص کے خلاف زیادتی برداشت نہیں کریں گے اور ہم آر پی او فیصل آباد سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے انکوائری کمیٹی بنائیں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لا کر انہیں قرار واقعی سزا دیں،انہوں نے کہا ایف سی ایس ٹی آئی آپ کے ساتھ ہے اور ہم ہر فورم پر آپ کی آواز بلند کریں گے ، اس موقع پر عرفان کھوکھر چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان اور ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن فیصل آباد کے عہدیداروں نے کہا پولیس اور سول ڈیفنس کی بے جامداخلت کے خلاف10 اور 11 دسمبر 2021 کو فیصل آباد ڈویژن میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ دو روز کے لئے ایل پی جی کی سپلائی مکمل بند رہے گی۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن فیصل آباد کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے صدر حاجی عابد مغل نائب صدر حاجی اشرف کی سربراہی میں مرکزی قیادت اور 5 پانچ زونل صدر اور 13ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اور 42 تھانوں پر مشتمل کمیٹیوں کے صدور پر مشتمل ممبران کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے ۔پلانٹوں کی نگرانی کے لئے مرزا شوکت کی سربراہی میں 10موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں