رہائشی، کمرشل جائیدادوں کی سرکاری قیمتوں میں 150 فیصد تک اضافہ: رجسٹری کرانے پر ٹیکس بڑھنے سے لوگ پریشان

رہائشی، کمرشل جائیدادوں کی سرکاری قیمتوں میں 150 فیصد تک اضافہ: رجسٹری کرانے پر ٹیکس بڑھنے سے لوگ پریشان

ملک پور میں 25لاکھ روپے تک فی مرلہ قیمت مقرر، عمر ویلی، بھاگیوال میں10لاکھ فی مرلہ ، 198رب میں 13لاکھ روپے تک کر دی گئی ، لوگ رجسٹریاں کرانا چھوڑ دینگے : وکلا،گھر بنانا مشکل ناممکن ہو گیا : شہری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایف بی آر نے فیصل آباد میں رہائشی، کمرشل غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں میں 150 فیصد تک اضافہ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق ملک پور میں 25 لاکھ روپے تک فی مرلہ قیمت مقرر کردی گئی ہے ۔ عمر ویلی، بھاگیوال میں قیمت 10 لاکھ روپے فی مرلہ کر دی گئی ۔ 198 رب میں قیمت 13 لاکھ روپے تک کر دی گئی ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں ایف بی آر نے سرکاری قیمت میں 150 فیصد تک اضافہ کیا ہے جس پر شہری اور پراپرٹی سے منسلک کاروباری افراد انتہائی پریشان ہیں ۔ ٹیکس بار کے وکلا کا کہنا ہے قیمتوں میں اضافے سے جگہ کی رجسٹری کی قیمت کئی گنا بڑھ جائے گی، نعیم قاسم گل ایڈوکیٹ کا کہنا ہے ایف بی آر کی جانب سے پراپرٹی کے ریٹس میں کئی گناہ اضافے کی وجہ سے ر جسٹریوں کے ریٹ میں اضافہ ہوگا ، جس پلاٹ کی رجسٹری 2 لاکھ میں ہوتی تھی اب اس پر 5 لاکھ روپے تک لاگت آئے گی،لوگ ٹیکس بچانے کے لئے رجسٹری کروانا چھوڑ دیں گے ۔ شہریوں کا کہنا ہے عام آدمی کے لئے جگہ خریدنا اور اپنا گھر بنانا پہلے ہی انتہائی مشکل ہے اور اب اس کو ناممکن بنا دیا گیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں