آلودگی:ایئر کوالٹی انڈیکس مضر صحت سطح پر برقرار بھٹوں، فصلوں کی باقیات جلانے کیخلاف کارروائی جاری
صبح ،شام کے اوقات میں سموگ کے بادل چھائے رہے ،مزید33 انسپکشنزکے دوران ایک لاکھ 16ہزار 100روپے جرمانہ ، ایک مقدمہ درج کرا دیا ،عوامی آگاہی مہم کے تحت معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فضائی آلودگی کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس مضر صحت سطح پر برقرار،ایئر کوالٹی انڈیکس 350 سے اوپر رہا ایئر کوالٹی انڈیکس زیادہ ہونے سے فضا مضر صحت رہی شہر سمیت گردونواح کے علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں سموگ کے بادل چھائے رہے محکمہ ماحولیات کی جانب سے کارر وائیوں کا سلسلہ تو جاری ہے تاہم ایئر کوالٹی انڈیکس کنٹرول نہیں ہو رہا اور نہ ہی فضا میں آلودگی کے آثار کم ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روزماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے پر بھٹوں وانڈسٹریز اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرمزید33 انسپکشنز کے دوران ایک لاکھ 16 ہزار 100روپے جرمانہ اورایک مقدمہ درج کرایا گیا ۔ 28 وہیکلز،ایک بھٹہ وانڈسٹریل یونٹ کے بوائلرمیں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر جرمانہ اورفصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرایک شخص کیخلاف مقدمہ درج ہوا۔ 240 گ ب سید والا جڑانوالہ میں خان برکس کوبھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلا کر ماحولیات کو آلودہ کرنے پر جرمانہ کیا ۔انہوں نے بتایاعوامی آگاہی مہم کے تحت معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔