انسداد سموگ کارروائیاں،مختلف بھٹوں سے دوافرادگرفتار
شاہرات پر 22 وہیکلز کو دھواں چھوڑنے پر 11250 روپے جرمانہ
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے گزشتہ روز سموگ کے خلاف جاری انسدادی اقدامات کے تحت کارروائی کرکے مختلف بھٹوں سے خلاف ورزی کے مرتکب دو افراد کو پکڑ کر حوالہ پولیس اور مقدمات درج کرادیئے ۔ٹیموں نے 59 ج ب،61،62 اور 64 ج ب میں بھٹوں کی انسپکشن کی اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کا مکمل استعمال نہ کرنے کی پاداش میں دو افراد کو حراست میں لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات وسیم احسن چیمہ نے بتایا ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرگرم عمل ہیں اور بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلا کر ماحولیات کو آلودہ کرنے پر ایکشن لیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا عوامی آگاہی مہم کے تحت 120 مختلف مقامات پر شہریوں میں سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔انہوں نے بتایا شاہرات پر 22 وہیکلز کو دھواں چھوڑنے پر 11250 روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔