سموگ: 15دسمبر سے تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز
حتمی فیصلہ 9دسمبرکوہوگا،پرائیویٹ سکول الائنس نے بندش کی مخالفت کردی
فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)پنجاب حکومت کی طرف سے سموگ کے باعث 15 دسمبر سے ایک ماہ کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے جس پر حتمی فیصلہ 9 دسمبر کو ہوگا ۔پرائیویٹ سکولز الائنس نے تعلیمی اداروں کی بندش کی مخالفت کردی ہے ۔ چیئرمین الائنس صداقت حسین لودھی کہتے ہیں حکومتی تجویز مسترد کرتے ہیں اگر دوبارہ تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تو احتجاج کریں گے ۔ صداقت حسین لودھی کا کہنا تھا کہ رواں سال پہلے ہی سیشن تاخیر سے شروع ہوا جس کے باعث بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی۔ حکومت تعلیمی اداروں کی بندش پر جانے کے بجائے سکول اوقات کار ایڈجسٹ کرسکتی ہے ۔ لاہور میں سموگ زیادہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کردیئے جائیں۔ حکومت کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے ۔