25 ہزار سے زائد نئے میٹر پانچوں سرکلز کو جاری کردیئے
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا نئے کنکشنز اور خراب میٹروں کی تبدیلی کیلئے اب تک 25 ہزار سے زائد نئے میٹر پانچوں سرکلز کو جاری کردئیے گئے ہیں۔
جن کی تنصیب جاری ہے اس ماہ کے آخر تک 80ہزار میٹرز موصول ہو جائیں گے جبکہ صنعتی اور کمرشل کنکشنز کیلئے ٹرانسفارمرز بھی فیسکو سٹورز میں دستیاب ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر لگایا جا رہا ہے صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ آن لائن کچہری کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری حل اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا سسٹم کی بہتری اور نئے گرڈز کی تعمیرکیلئے فیسکوبورڈ آف ڈائریکٹرز نے 6ارب سے زائد کا برقی ترقیاتی میٹریل خریداری کی منظوری دی تھی جوقواعدو ضوابط کے مطابق خریداری کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعدا ب فیسکو سٹورز کو مل رہا ہے
۔ دریں اثنا آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،جھنگ ،سرگودھا، میانوالی ، خوشاب اور بھکر کے تقریباً48سے زائدصارفین نے فیسکو چیف کو مختلف نوعیت کے مسائل سے آگاہ کیا ۔