پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس

 پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)چیف منسٹر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی رجسٹریشن اور مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند کی صدارت میں ہوا۔

جس میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،انچارج کنٹرول روم/فوکل پرسن محمد صادق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد حیات کے علاوہ کالجز، سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں واداروں کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ضلع فیصل آباد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا پروگرام کے تحت گائیکی،مصوری، ادب،دستکاری، تھیٹر اور لوک رقص کے مقابلے منعقد کرائے جائینگے ۔

خواہشمند افراد رجسٹریشن فارم ڈی سی آفس، اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر،گورنمنٹ کالجز،سکولز اور یونیورسٹیز سے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ موصولہ درخواستوں پر رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے ۔انہوں نے بتایا مقابلوں میں 16 سے 40 سال کے مرد و خواتین حصہ لے سکتے ہیں جبکہ لوک رقص کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں۔

مقابلوں میں پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دئیے جائیں گے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں موثر ثابت ہو گا لہٰذا مقابلوں کے کامیاب اور خوشگوار انعقاد کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن معاونت بھی فراہم کی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں