پرائیویٹ بس کمپنیز نے ٹرمینلز پر پارکنگ فیس وصول کرنا شروع کردی
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)غیر قانونی طورپر پرائیویٹ بس کمپنیز نے بھی ٹرمینلز پر پارکنگ فیس وصول کرنا شروع کر دی ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی معاملے پر لاعلم ، پرائیویٹ پارکنگ کمپنی پارکنگ کی مد میں روزانہ مسافروں سے ہزاروں روپے بٹورنے لگے ،
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تمام معروف پرائیویٹ بس کمپینز کے مالکان نے اپنے ٹرمینلز پر پارکنگ فیس وصول کرنا شروع کر دی ہے اس دوران ٹرمینل پر مسافروں کو ڈراپ دینے کے لئے آنے والی گاڑیوں سے 50 روپے ، رکشہ سے 30 روپے اور موٹر سائیکل سے 20 روپے وصول کئے جا رہے ہیں جس پر مسافر اور ان کے رشتہ دار حیران ہیں ۔
پرائیویٹ پارکنگ کمپنیز کے ٹھیکیداروں کے مطابق انہیں بس کمپنیز کے مالکان کی ہدایات پر پارکنگ فیس وصول کرنے کا کہا گیا ہے ، پارکنگ سٹینڈ پر اگر گاڑی ، رکشہ یا موٹر سائیکل 8 گھنٹے سے زائد وقت تک کھڑا رہیں گے تو چارجز دوگنے وصول کئے جائیں گے ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد سرور نے معاملہ پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پرائیویٹ بس کمپنیز کسی صورت بھی مسافروں سے پارکنگ فیس وصول نہیں کر سکتیں ایسا قانون موجود ہی نہیں ہے۔
تاہم اگر ایسا کیا جا رہا ہے تو جلد ایسے پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائی عمل میں لا کر نہ صرف پارکنگ سٹینڈز ختم کئے جائیں گے بلکہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کو جرمانے بھی عائد کئے جائینگے ۔