ذخیرہ اندوزی کر نیوالے رعایت کے مستحق نہیں:ابراررشید
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چودھری ابرار رشید ڈھلوں نے کہااشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کر نیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں،ان کے خلاف حکومتی ادارے سخت ایکشن لے رہے ہیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا آئین وقانون کی حکمرانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پنجاب میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف حکومت نے شکنجہ مزید سخت کر دیاہے ،منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک کا ترمیمی آرڈنینس2022 میں جاری کر دیاگیا ہے ،آرڈنینس کے تحت پرائس کنٹرول کونسل قائم کی جائے گی جس کے سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے ۔
انہوں نے مزید کہا پنجاب کی پرائس کنٹرول کونسل مختلف منڈیوں سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گی اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے مقرر کی گئی قیمتوں کا از سر نو جائزہ لے گی،سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائے گی،پنجاب پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر کم از کم ایک ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگاجبکہ زیادہ سے زیادہ3سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔