محکمہ ڈاک کو صوبائی حکومت کی جانب سے نئے سال کی ٹکٹس نہ ملنے سے شہریوں کو پریشانی

محکمہ ڈاک کو صوبائی حکومت کی جانب سے نئے سال کی ٹکٹس نہ ملنے سے شہریوں کو پریشانی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)رواں سال کے 15روز گزر چکے لیکن محکمہ ڈاک کو صوبائی حکومت کی جانب سے نئے سال کی ڈاک ٹکٹس نہ مل سکیں ۔

تفصیلات کے مطابق پندرہ روز گزر گئے لیکن تاحال ڈاک ٹکٹس چھپ کر محکمہ ڈاک تک نہیں پہنچی جس کے باعث شہری اپنے لائسنس و لرنرز لائسنس بنوانے سے قاصر ہیں ۔ ٹکٹس نہ ہونے کے باعث شہریوں کے لائسنس ری نیو بھی نہیں ہو رہے جس سے شہریوں کو سفر میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈاک ٹکٹس نہیں مل رہیں جس کی وجہ سے لائسنس بننے کا عمل تاخیر کا شکار ہے ۔ لائسنس،لرنر لائسنس نہ بننے کے باعث انکو سفری مشکلات کا سامنا ہے ،کہتے ہیں کہ سفر کیلئے نکلتے ہیں تو ٹریفک وارڈنز روک کر چالان کرتے ہیں بعض اوقات گاڑی بھی بند کر دیتے ہیں جسکی وجہ سے ہمارا نقصان ہو رہاہے ،شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر پوسٹ آفس کے چکر لگا رہے ہیں لیکن یہاں ملازمین انہیں آئندہ روز آنے کا کہہ دیتے ہیں ۔

لیکن تاحال انہیں کوئی امید نہیں نظر آرہی اگر حکومت جلد از جلد ٹکٹس فراہم کردے تو ان مشکلات سے بچا جاسکتا ہے ۔ دوسری جانب محکمہ ڈاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے ہی تاحال ٹکٹس جاری نہیں ہوئیں ، ٹکٹس کی طلب کے لیے درخواست کرچکے ہیں امید کرتے ہیں کہ جلد ٹکٹس آجائیں گی اور شہری مشکلات سے بچ جائیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں