کمالیہ میں احساس دیوار چند گھنٹے بعد ہی غیر فعال ہوگئی
کمالیہ ( نمائندہ دنیا )کمالیہ میں انتظامیہ کی جانب سے احساس دیوار چند گھنٹے بعد ہی غیر فعال ۔
غریب خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ۔ سرکاری ملازمین اور منظور نظر افراد ہی سامان لے کر رفو چکر ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر دیگر شہروں کی طر ح کمالیہ میں بھی احساس دیوار پروگرام کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1کے باالمقابل احساس دیوار قائم کی گئی جس کی افتتاحی تقریب میں سماجی شخصیات اور تاجروں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی اور تقریب کے دوران فوٹو سیشن کیلئے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین اور پہلے سے بنائی گئی لسٹ کے مطابق افراد میں کپڑے ، جوتے و دیگر اشیا تقسیم کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی خالی دیوار عوام کو منہ چڑانے لگی ۔
جبکہ مستحق اور ضرورت مند افراد انتظامیہ کو کو ستے ہوئے مایوس خالی ہاتھ گھروں کو لوٹ گئے ۔ انتظامیہ کی جانب سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد تو کیا گیا لیکن مقامی انتظامیہ نے اس پروگرام کو مستقل چلانے کیلئے کسی بھی قسم کی حکمت عملی نہیں بنائی ۔ شہرکی سماجی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔