نجی ٹرسٹ کے زیر اہتمام کمپیوٹر کورسزکرنیوالوں میں اسناد تقسیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نجی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کمپیوٹر کے شارٹ کورسز مکمل کرنے والے طلبا میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد سیلانی ہاؤس میں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کامیاب شرکا میں سرٹیفکیٹس اور اساتذہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔ٹرسٹی محمد یاسین اور سیلانی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس طرح کے کورسز کا انعقاد نوجوانوں کی فلاح وبہبود اور ترقی میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ روزگار کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کے اقدامات مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے سیلانی کے دیگر فلاحی وغریب دوست اقدامات کا بھی ذکر کیا ۔