پولیس گاڑیوں کے ٹریکر خراب، ملازمین غائب

پولیس گاڑیوں کے ٹریکر خراب، ملازمین غائب

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلع بھر کے 42 تھانوں، پولیس چوکیوں اور پولیس دفاتر کو دی گئی گاڑیوں کے ٹریکرز عرصہ دراز سے خرابی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

گاڑیوں میں سوار ہو کر ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسر اور ملازمین کی جانب سے اپنی اصل لوکیشن چھپانے کے لئے مبینہ طور پر گاڑیوں کے ٹریکر خود خراب کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ گاڑیوں کے ٹریکر خراب ہونے سے نہ صرف پولیس افسر وں اور ملازمین کی جانب سے غلط لوکیشن بتاتے ہوئے مبینہ طور پر ڈیوٹی سر انجام دینے سے انحراف کیا جارہا ہے ۔

بلکہ گاڑیوں کے ٹریکر خراب ہونے سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان کا سامنا ہے ۔فیصل آباد ضلع پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے 42 تھانوں، پولیس چوکیوں اور دفاتر میں تعینات افسروں اور ملازمین کو دوران ڈیوٹی استعمال کے لیے 200 سے زائد گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں کی ہر وقت لوکیشن سے متعلق آگاہ رہنے کے لیے اعلیٰ حکام کی جانب سے ان گاڑیوں میں ٹریکرزسسٹم نصب کیے گئے تھے لیکن ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ ان گاڑیوں کے ٹریکرز غیر فعال ہوتے گئے ۔

روزانہ کی بنیاد پر پولیس کے اعلیٰ افسر اور حکام کی جانب سے تمام تھانوں اور پولیس چوکیوں میں تعینات افسروں اور ملازمین کو اپنے علاقوں میں گشت کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کیے جاتے ہیں اور اس دوران اعلیٰ حکام کی جانب سے وائرلیس سیٹ کی مدد سے مختلف علاقوں میں پہنچ کر ان گاڑیوں کی لوکیشن معلوم کی جاتی ہے اور ان گاڑیوں میں سوار افسروں اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر اپنی غلط لوکیشن بتا کر اچھی کارکردگی کا ڈھونگ رچا دیا جاتا ہے لیکن اس کے برعکس حقیقت میں یہ گاڑیاں اپنی اصل لوکیشن پر موجود نہیں ہوتیں ۔

گاڑیوں میں ڈیوٹیوں پر موجود اہلکاروں اور افسروں کی جانب سے اپنی بیٹ میں پٹرولنگ کرتے ہوئے جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے کے بجائے مبینہ طور پر محفوظ ٹھکانے تلاش کرکے آرام کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ڈکیتی، چوری، راہزنی اور نوسر بازی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے جرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ البتہ اس معاملے پر سٹی پولیس آفیسر غلام مبشر میکن کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں سمیت پولیس کی دیگر سرکاری گاڑیوں کی مرمت اور انکے ٹریکٹر سسٹم کو فعال کرنے کے حوالے سے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں