الائیڈ ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات نا پید، مریض اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

الائیڈ ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات نا پید، مریض اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات ناپید۔

ادویات کی عدم فراہمی سے مریض اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈویژن کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال کے شعبہ آئوٹ ڈور میں جان بچانے والی ادویات ناپید ہو گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بلڈ پریشر، شوگر، اینٹی بائیوٹیک، دل کی بیماریوں کی ادویات ناپید ہو گئیں ۔ او پی ڈی میں 160 کے قریب ادویات رکھی جاتی ہیں، او پی ڈی میں 160 میں سے صرف عام قسم کی 35 اقسام کی ادویات موجود ہیں ، الائیڈ ہسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 4 ہزار سے زائد مریض علاج معالجے کے لیے رجوع کرتے ہیں۔

سنٹرل پرچیز سیل کی عدم توجہی کے باعث ادویات کی قلت پیدا ہوئی، شہریوں کا کہنا ہے ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ اوپن مارکیٹ سے ادویات مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ انہیں ادویات فراہم نہیں کررہی ہے ۔اس حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر ارشد چیمہ کے مطابق ادویات خریداری کے سنٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر کے باعث ادویات کی کمی ہوئی تھی تاہم ہسپتال انتظامیہ نے مختلف مقامات سے کوٹیشن کے ذریعے ضروری ادویات خرید لی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں