بڑھتی وارداتوں سے سی پی او مایوس، تجربہ کار پولیس آفیسرز تعینات، ٹھیکری پہرہ فعال کروانے کا فیصلہ
فیصل آباد(نعیم قیصر سے ) گزشتہ 4 ماہ میں فیصل آباد میں جرائم کی وارداتوں میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا جس کی وجہ سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس اور پولیس کے محکمہ سے اعتبار اٹھتا جارہا ہے۔
جرائم کی وارداتوں میں حالیہ اضافے سے سٹی پولیس آفیسر مبشر میکن بھی انتہائی پریشان ہیں جو ضلع کے 42 تھانہ جات کی کرائم کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، سی پی او نے جرائم کی وارداتوں میں اضافہ روکنے کے لئے اچھی شہرت یافتہ تھانوں میں تجربہ کار ایس ایچ اوز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہر سب ڈویژن میں کم از کم ایک سینئر ایس ایچ او تعینات کیا جائے گا ۔ سی پی او فیصل آباد نے ایس پی ، ڈی ایس پیز کو اپنے علاقوں میں ٹھیکری پہرہ کو فعال کروانے کا ٹاسک بھی دے دیا ہے ۔
اس کے علاوہ وارداتوں کے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ڈولفن فورس کے ساتھ پولیس کا گشت بھی بڑھایا جارہا ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ساز باز کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فہرستیں بھی تیار کی جارہی ہیں جن کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں دفاتر میں تعینات عرصہ دراز سے سٹاف کو بھی فیلڈ میں شفٹ کیا جارہا ہے ۔ سی پی او فیصل آباد مبشر میکن کا کہنا ہے آنے والے دنوں میں جرائم کی وارداتوں میں روک تھام کے لئے کوشاں ہیں جبکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کے خلاف اب آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔